ایران کی ناکا بندی جاری، 61 تجارتی جہاز واپس بھیج دیے گئے: امریکی سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری بحری ناکا بندی کے دوران اب تک ایران آنے اور وہاں سے جانے والے 61 تجارتی جہازوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔
(واشنگٹن )امریکی سینٹ کام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4 تجارتی جہازوں کو غیر فعال بھی کیا گیا، جبکہ خطے میں 20 سے زائد امریکی جنگی جہاز ناکا بندی پر عمل درآمد کروا رہے ہیں۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ بحری نگرانی اور کارروائیاں ایران کے خلاف جاری پابندیوں اور سیکیورٹی اقدامات کے تحت کی جا رہی ہیں، تاکہ خطے میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی حکام کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیجی پانیوں میں امریکی بحریہ کی موجودگی میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ جنگی جہاز مسلسل تجارتی نقل و حرکت کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے امریکی دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل پر اثرات کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، خصوصاً توانائی کی عالمی منڈی اس صورتحال سے متاثر ہو سکتی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 11 مئی، 2026 کو 03:14 AM
آخری تدوین: 11 مئی، 2026



