مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور سفارتی مشاورت میں مصروف

پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے چین اور دیگر ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کا پرامن حل نکالا جا سکے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے مختلف ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ رابطے ہوئے اور پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ کشیدگی خطرناک ہے اور سفارت کاری ہی امن کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین نے خاص اہمیت اختیار کی، جہاں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازرانی کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ پانچ نکاتی امن منصوبے کو عالمی اور خطے میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور یہ منصوبہ ایران، امریکا اور دیگر متعلقہ فریقین تک پہنچایا گیا ہے۔ امریکی قیادت نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سہولت کاری کے کردار کو سراہا، اور آئندہ مرحلے میں متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات پر توجہ دی جائے گی تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 2 اپریل، 2026 کو 04:39 PM
آخری تدوین: 2 اپریل، 2026



