فخر زمان کی اپیل مسترد، دو میچز کی پابندی برقرار

بال ٹیمپرنگ کیس میں پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی نے میچ ریفری کا فیصلہ برقرار رکھا
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بال ٹیمپرنگ کیس میں قومی کرکٹر فخر زمان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان پر عائد دو میچز کی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فخر زمان نے اپنے خلاف لگائی گئی دو میچز کی معطلی کے خلاف اپیل دائر کی تھی، تاہم پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور متعلقہ افراد کے مؤقف سننے کے بعد اپیل مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ فخر زمان کو 29 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے دوران پی ایس ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی پر دو میچز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔
پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی میں پروفیسر جاوید ملک، ڈاکٹر ممریز نقشبند اور سید علی نقوی شامل تھے، جنہوں نے اپیل کی سماعت کے بعد میچ ریفری روشن ماہنامہ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
فیصلے کے مطابق فخر زمان اب ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف آئندہ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا اور تمام فریقین اس کے پابند ہوں گے۔
یاد رہے کہ بال ٹیمپرنگ کے واقعے پر میچ ریفری روشن ماہنامہ نے فخر زمان پر دو میچز کی پابندی عائد کی تھی، جسے اب اپیل مسترد ہونے کے بعد برقرار رکھا گیا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 2 اپریل، 2026 کو 07:49 PM
آخری تدوین: 2 اپریل، 2026



