مذاکرات کیلئے پاکستان جانے سے کبھی انکار نہیں کیا: عباس عراقچی، اسحاق ڈار کا خیرمقدم


ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے پاکستان جانے سے انکار نہیں کیا، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
(تہران / اسلام آباد) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
عباس عراقچی نے اپنے پیغام کے ساتھ ایرانی عوام کی پاکستان سے محبت کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی ان سفارتی کوششوں کا قدر دان ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا جنگ بندی سے متعلق خبروں کو مسخ کر رہا ہے اور حقائق کو درست انداز میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی ممکنہ جنگ بندی کو جامع، حتمی اور دیرپا دیکھنا چاہتا ہے تاکہ تنازع کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عباس عراقچی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ کی وضاحت کو سراہتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔


شائع ہوا: 4 اپریل، 2026 کو 03:10 PM
آخری تدوین: 4 اپریل، 2026



