علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا گیا


بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو لاہور میں پولیس نے 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے گا
لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو پولیس نے لاہور میں حراست میں لے لیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں 3 ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق علیمہ خان اپنے ڈرائیور کے ہمراہ جم خانہ جارہی تھیں جب پولیس نے انہیں حراست میں لیا۔ ان کی گاڑی مزنگ تھانے میں موجود ہے۔
3 ایم پی او کا حکم کیسے جاری ہوا؟
ذرائع کے مطابق پولیس نے ڈپٹی کمشنر کو علیمہ خان کی نظر بندی کے لیے درخواست دی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کی جانب سے 3 ایم پی او کے تحت حکم نامہ جاری کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق علیمہ خان کو لٹن روڈ پولیس نے حراست میں لیا اور انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
علیمہ خان کے خلاف مقدمات
علیمہ خان پہلے ہی مختلف مقدمات میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہی ہیں۔ رواں ماہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں علیمہ خان اور ان کی بہن عظمیٰ خان سمیت متعدد افراد کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کی تھی۔
دوسری جانب 19 ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے مجوزہ پی ٹی آئی لانگ مارچ سے قبل کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے ہر نظر بندی کے خلاف الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شائع ہوا: 20 ستمبر، 2026 کو 09:27 AM
آخری تدوین: 20 ستمبر، 2026



