معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی عالمی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا، سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ “معرکۂ حق” کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر قدر و منزلت، سفارتی ساکھ اور عالمی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں استحکام کی ایک اہم قوت کے طور پر ابھرا ہے۔
(واشنگٹن ڈی سی ) معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی، سیاسی اور سفارتی محاذ پر پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے سامنے ایک ذمہ دار ریاست کا کردار پیش کیا۔ ان کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاہم بھارت نے بغیر شواہد کے الزامات عائد کرتے ہوئے غیر قانونی جارحیت کی راہ اختیار کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو خبردار کرتا رہا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے خطے میں کسی بھی قسم کی مہم جوئی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر کشیدگی کے باوجود پاکستان نے سیاسی بصیرت، سفارتی تدبر اور عسکری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جس سے قومی وقار میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ قیامِ امن کے لیے ان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے معرکۂ حق میں حقائق اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کی بنیاد پر اپنا مؤقف پیش کیا، جس سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ جدید میڈیا اور سوشل میڈیا کے دور میں بھارتی بیانیے کی کمزوریاں دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئیں، جبکہ پاکستان آج بھی پلوامہ اور پہلگام واقعات کے شواہد کا مطالبہ کر رہا ہے۔
سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جس کے تحت اسے یکطرفہ طور پر معطل کیا جا سکے۔ ان کے مطابق پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی جارحیت تصور ہوگا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری قربانیاں دی ہیں، جبکہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ “بنیان مرصوص” کے تصور کی حقیقی تکمیل اس وقت ہوگی جب پاکستان کی معیشت بھی دفاع کی طرح مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بن جائے گی۔
انہوں نے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی اور پاکستانیت کے جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حالیہ عالمی پذیرائی کو مضبوط اور منافع بخش بین الاقوامی شراکت داریوں میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 11 مئی، 2026 کو 06:35 AM
آخری تدوین: 11 مئی، 2026



