وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

کوئٹہ میں آٹا مزید مہنگا، 20 کلو کا تھیلا 3200 اور 50 کلو کی بوری 8000 روپے تک پہنچ گئی

W
Web Desk
14 ستمبر، 2026
 کوئٹہ میں آٹا مزید مہنگا، 20 کلو کا تھیلا 3200 اور 50 کلو کی بوری 8000 روپے تک پہنچ گئی

کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں نمایاں اضافہ، 20 کلو تھیلا 400 روپے مہنگا ہوکر 3200 جبکہ 50 کلو بوری 1000 روپے اضافے کے بعد 8000 روپے تک پہنچ گئی

کوئٹہ: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے باعث کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد اس کی قیمت 2800 روپے سے بڑھ کر 3200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح 50 کلو آٹے کی بوری بھی ایک ہزار روپے مہنگی ہوکر 8000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دکانداروں کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں ہونے والے مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہورہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو بجٹ چلانا مزید مشکل بنا دیا ہے۔ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت بڑھنے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب منہ زور مہنگائی کے اثرات ہفتہ وار سستے بازاروں میں بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اسلام آباد میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ خریداری میں اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔

عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے اور آٹے سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 14 ستمبر، 2026 کو 05:27 AM

آخری تدوین: 14 ستمبر، 2026

متعلقہ مضامین