اسلام آباد: جے یو آئی سے منسلک مدرسے کو قانونی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کا نوٹس

سی ڈی اے نے بلال ٹاؤن اسلام آباد میں جے یو آئی سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو مبینہ غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس جاری کر دیا۔ 15 روز میں نقشے جمع نہ کرانے پر عمارت سیل کرنے کی وارننگ
اسلام آباد: جے یو آئی سے منسلک مدرسے کو قانونی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کا نوٹس، عمارت سیل کرنے کی وارننگ
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو مبینہ غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں تعمیراتی نقشے جمع کرانے کی ہدایت کر دی، بصورت دیگر مدرسے کی عمارت سیل کرنے کی وارننگ دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع مدرسہ اختر العلوم کی عمارت کی مبینہ طور پر منظور شدہ تعمیراتی نقشے کے بغیر تعمیر کیے جانے پر سی ڈی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق مدرسے کی عمارت کی تعمیر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔
نوٹس میں مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر عمارت کے تعمیراتی نقشے متعلقہ اتھارٹی میں جمع کرائے اور تعمیرات کو قانونی تقاضوں کے مطابق بنائے۔
سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں مدرسے کی عمارت کو سیل کرنے کا اقدام بھی شامل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مدرسہ اختر العلوم کا تعلق جمعیت علمائے اسلام (ف) سے بتایا جاتا ہے، جس کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ہیں۔ تاہم سی ڈی اے کی کارروائی کا بنیادی معاملہ عمارت کی تعمیراتی منظوری اور متعلقہ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی ہے۔
شائع ہوا: 5 نومبر، 2026 کو 08:19 AM
آخری تدوین: 5 نومبر، 2026



