قطر میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح، برآمدات بڑھانے پر زور

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا۔ مرکز کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر، کاروباری روابط میں اضافہ اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے
دوحہ: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا، جس کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
وزارتِ تجارت کے مطابق اس موقع پر جام کمال خان نے دوحہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے اور برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔
وزارتِ تجارت کے مطابق ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری خریداروں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے اور نئی تجارتی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔
شائع ہوا: 28 اکتوبر، 2026 کو 08:51 AM
آخری تدوین: 28 اکتوبر، 2026



