فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، مون سون کے دوران ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرتے ہوئے مون سون سیزن کے دوران قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ریلیف، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لیے ہر وقت تیار ہیں
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا، جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے دوران قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل کو "ڈیزاسٹر لینز 2026" کے تحت این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس میکانزم اور ملک بھر میں مون سون سے پیدا ہونے والے خطرات کی مسلسل نگرانی سے متعلق آگاہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر سطح پر مکمل تیاری، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت ردعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں، املاک اور اہم قومی انفراسٹرکچر کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ مون سون سیزن کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 5 اگست، 2026 کو 03:12 AM
آخری تدوین: 5 اگست، 2026



