فیصل آباد: ریلویز پولیس کی بروقت کارروائی، جواں سالہ لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام

18 سالہ لڑکی عائشہ کو کراچی کے رہائشی ملزم رضا نے مبینہ طور پر اسکول سے واپسی پر اغوا کیا
ریلویز پولیس فیصل آباد نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جواں سالہ لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 18 سالہ لڑکی عائشہ کو کراچی کے رہائشی ملزم رضا نے مبینہ طور پر اسکول سے واپسی پر اغوا کیا اور زبردستی شادی کرنے کی غرض سے اسے ننکانہ صاحب سے کراچی لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ریلویز پولیس کو لڑکی فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر پریشانی کی حالت میں ملی جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی تفتیش شروع کی۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ لڑکی کے ورثاء نے اس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ صدر ننکانہ صاحب میں پہلے ہی درج کرا رکھا تھا۔
ریلویز پولیس فیصل آباد نے کارروائی کے بعد لڑکی کو اس کی مرضی کے مطابق قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا جبکہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ صدر ننکانہ صاحب کے سب انسپکٹر کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے ریلویز پولیس ہر وقت مستعد ہے اور ایسے واقعات میں فوری کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 12 مارچ، 2026 کو 12:43 PM
آخری تدوین: 18 مارچ، 2026



