بالٹی مور میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پروقار محفل، علماء و نعت خواں کی شرکت
محمد نعیم اختر23 اگست، 2026
امریکی شہر بالٹی مور میں ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پروقار محفل کا انعقاد ہوا، جس میں علماء، مذہبی شخصیات اور معروف نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔
بالٹی مور، میری لینڈ: امریکہ کے شہر بالٹی مور میں ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی ایک پروقار محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں بالٹی مور، ورجینیا اور دیگر شہروں سے علماءِ کرام، مذہبی شخصیات، نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت آیان ضیاء غزنوی اور قاری حافظ بلال خان نے حاصل کی۔ شرکاء نے تلاوتِ کلامِ پاک کو عقیدت و احترام سے سنا۔

مسجد الکرم، گون اوک میں منعقدہ اس روح پرور محفل سے حضرت علامہ مولانا مفتی محمد یاسین چشتی نے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر شیخ عمر جیدر چیمہ، قاضی عبدالمناں، الحاج چوہدری محمد منیر احمد اور الحاج پیر وسیم صادق آفریدی سمیت دیگر مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔

بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتوں کا نذرانہ
محفل کے دوران نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے، جس سے محفل کا روحانی ماحول مزید پُرنور ہوگیا۔

نعت خوانی میں خوشبوئے حسان پاکستان، بلبلِ مدینہ اور مداحِ حسین رسول جناب علی نواز نور، منفرد و ممتاز ثناء خواں جناب ذوالقرنین اسحاق، ورجینیا، مداحِ حبیبِ عزت مآب عالی مرتبت جناب نعیم اختر نقشبندی، پیکرِ اخلاص و محبت ملک سجاد اعوان اور خوش گفتار ثناء خواں محترم جناب محمود احمد چوہدری نے شرکت کی۔

شرکاء نے نعتوں کے ذریعے حضور نبی کریم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔
سیرتِ طیبہ ﷺ اور اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنے کا عزم
منتظمین کے مطابق محفل کے انعقاد کا مقصد سیرتِ طیبہ ﷺ، محبتِ رسول ﷺ اور اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنا تھا۔ محفل میں شریک افراد نے ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ سے وابستگی کے عزم کا اظہار کیا۔

محفل کے اختتام پر امام طارق محمود جامی اور امام آدم علی قادری نے خصوصی دعا کرائی۔ دعا میں پاکستان، امریکہ، ملک و ملت اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، سلامتی، خوشحالی اور خیر و برکت کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
محفل میں شریک علماء، نعت خواں حضرات اور شرکاء نے اس روحانی اجتماع کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 23 اگست، 2026 کو 03:36 AM
آخری تدوین: 23 اگست، 2026



