وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے، مصدق ملک

W
Web Desk
22 نومبر، 2026
موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے، مصدق ملک

وفاقی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں ایس سی او سویلائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ ہے، 2022 کے سیلاب سے موہنجو دڑو بھی متاثر ہوا۔

نئی دہلی: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی تہذیب، ثقافت اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس کے اثرات ملک کے قدیم تاریخی مقامات پر بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔

نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سویلائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں تقریباً 1700 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔

2022 کے سیلاب سے موہنجو دڑو بھی متاثر ہوا

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اگست 2022 کے دوران لاڑکانہ میں واقع موہنجو دڑو کے تاریخی کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی، جس کے باعث تقریباً ساڑھے 4 ہزار سال قدیم آثارِ قدیمہ کو نقصان پہنچا اور کئی دیواریں گر گئیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید بارشیں، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات پاکستان کے تاریخی مقامات کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔

پاکستان قدیم تہذیبوں کا مرکز رہا ہے

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین وادی سندھ اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے، جبکہ اسلام آباد کے گرد و نواح میں بھی مختلف تاریخی تہذیبوں کے آثار موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا، جو خطے کے تاریخی اور ثقافتی روابط کی اہم مثال ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کے تاریخی روابط شمال کی جانب بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تاریخی ورثے کے تحفظ کو بھی اہمیت دینا ضروری ہے، کیونکہ یہ آثار نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی مشترکہ تہذیبی تاریخ کا حصہ ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 22 نومبر، 2026 کو 08:07 AM

آخری تدوین: 22 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین