کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی بات ہوئی تو حمایت کریں گے، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، دسمبر اہم مہینہ ہوگا
اسلام آباد: وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی بات ہوئی تو وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک سے کسی صورت ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ دسمبر اہم مہینہ ہے اور جو بھی پیش رفت ہونی ہے وہ آئندہ بجٹ سے پہلے ہونی ہے۔ نئے صوبوں کا قیام ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ اور ہماری لائف لائن ہے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر ریاستی سطح پر گفتگو کا دعویٰ
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو سرکاری سطح پر نہ ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی اسے رکوا چکا ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا وقت ہے۔ نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس معاملے پر سنجیدگی سے پیش رفت ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی کو بھی حمایت کرنے کا مشورہ
مصطفیٰ کمال نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے۔
ان کے مطابق یہ پی ٹی آئی کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا بہترین موقع ہے۔
وزیراعظم ریفرنڈم کی منظوری لے سکتے ہیں، مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ریفرنڈم کی منظوری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سمجھدار سیاست دان ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر کام کرنے کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے۔
مصطفیٰ کمال کے اس بیان کے بعد کراچی کی آئینی و انتظامی حیثیت اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی بحث ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
شائع ہوا: 22 نومبر، 2026 کو 07:27 AM
آخری تدوین: 22 نومبر، 2026



