سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا، نئے صوبوں کی بات کہاں سے آگئی؟ ناصر حسین شاہ

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے نئے صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا، پیپلز پارٹی کو بائی پاس کرکے ریفرنڈم کرایا گیا تو عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے
حیدرآباد: سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا، کاروباری حضرات پتا نہیں کہاں سے صوبوں کی کہانی لے کر آئے ہیں۔
حیدرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ریفرنڈم سے گھبراتی نہیں، تاہم اگر پارٹی کو نظرانداز کرکے ریفرنڈم کرایا گیا تو پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
پیپلز پارٹی کو بائی پاس کرکے ریفرنڈم نہیں ہونا چاہیے
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی وحدت کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی اقدام پر سندھ کے عوام کی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کاروباری شخصیات کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سامنے آنے والی تجاویز پر بھی سوال اٹھایا۔
نئے صوبوں کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز بیٹھیں، صوبائی وزیر
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بہتری کی ضرورت ہے اور ان کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر غور کرنا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ کون سے اقدامات ملک اور عوام کی بہتری کا باعث بن سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر کے بیان سے سندھ کی تقسیم، نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق جاری سیاسی بحث میں پیپلز پارٹی کا مؤقف ایک بار پھر سامنے آگیا ہے۔
شائع ہوا: 22 نومبر، 2026 کو 08:34 AM
آخری تدوین: 22 نومبر، 2026



