پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریض ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز، ملک گیر اسکریننگ پروگرام شروع


پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت اسلام آباد سے ملک گیر اسکریننگ پروگرام شروع کردیا گیا ہے، جس میں 12 سال سے زائد عمر کے 16 کروڑ افراد کی اسکریننگ کی جائے گی۔ حکومت فی مریض اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ 18 سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے
پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ سے متعلق تشویشناک اعداد و شمار سامنے آگئے، ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا داوڑ کے مطابق ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کردیا گیا ہے، جس کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کی اسکریننگ کی جائے گی۔
ڈاکٹر ضیا داوڑ نے بتایا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 16 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی، جبکہ اسلام آباد میں تقریباً 17 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی۔ تمام وفاقی ملازمین کے بھی ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تین مراحل میں اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج شامل ہیں۔ تشخیص اور علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ فی مریض اسکریننگ اور ٹیسٹنگ پر ساڑھے 7 ہزار روپے تک جبکہ علاج پر تقریباً 64 ہزار روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔
وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے ڈائریکٹر کے مطابق ایئرپورٹس پر بھی تمام مسافروں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی، جبکہ 18 سرکاری اسپتالوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ نہ کرانے والے وفاقی ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔

شائع ہوا: 12 ستمبر، 2026 کو 02:51 PM
آخری تدوین: 12 ستمبر، 2026



