نیویارک میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب، پاکستان کا حقِ خودارادیت پر زور

نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا۔ پاکستانی سفارت کاروں اور کشمیری رہنماؤں نے انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر زور دیا
نیویارک: قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نیویارک اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا۔ تقریب کا عنوان ’’جموں و کشمیر: 79 سالہ قبضہ، مزاحمت اور استقامت‘‘ تھا۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب، سفیر محمد عثمان اقبال جدون نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی گرفتاریوں اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

تقریب سے دیگر کشمیری رہنماؤں اور مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تلاش کیا جائے۔

شائع ہوا: 28 اکتوبر، 2026 کو 05:19 PM
آخری تدوین: 28 اکتوبر، 2026



