انڈونیشیا میں 243 مسافروں سے بھرا بحری جہاز لاپتا، جاوا سی میں سرچ آپریشن شروع


انڈونیشیا میں سورابایا سے بنجرماسن جانے والا مسافر بحری جہاز جاوا سی میں لاپتا ہوگیا، جہاز پر 243 افراد سوار تھے، تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا
جکارتہ: انڈونیشیا میں 243 مسافروں کو لے کر جانے والا ایک مسافر بحری جہاز جاوا سی میں لاپتا ہوگیا، جس کے بعد حکام نے جہاز کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافر بحری جہاز انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے شہر بنجرماسن کی جانب سفر کر رہا تھا کہ جاوا سی میں حکام کا جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق بحری جہاز پر مجموعی طور پر 243 افراد سوار تھے۔ جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے اس کی آخری معلوم پوزیشن کا تعین کیا۔
تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع
انڈونیشیا کے سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے مطابق بحری جہاز کی آخری معلوم پوزیشن بنجرماسن کی ایک بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور جاوا سی میں تھی۔
حکام نے لاپتا بحری جہاز اور اس میں سوار افراد کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں آخری معلوم مقام کے اطراف میں جہاز کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
تاحال بحری جہاز کے لاپتا ہونے کی وجوہات اور اس میں سوار افراد کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ حکام کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شائع ہوا: 13 ستمبر، 2026 کو 05:05 AM
آخری تدوین: 13 ستمبر، 2026



