پی ٹی آئی رہنما آپس میں دست وگریباں، یہ عمران خان کو کیا رہا کرائیں گے؟ خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہا پوری پارٹی دست وگریباں ہے، یہ عمران خان کو کیا رہا کرائیں گے؟
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پارٹی ایک دوسرے سے دست وگریباں ہے، یہ لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کیا رہا کرائیں گے۔
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنماؤں لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں تاکہ ان کی سیاسی دکانداری چلتی رہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پوری پارٹی آپس میں لڑ رہی ہے، ایسے حمایتی اور پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی کے لیے قید سے بھی بڑی سزا ہیں۔
خواجہ آصف نے عمران خان کی طبی بنیادوں پر ریلیف کی درخواست پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص جیل میں قید اپنے سیاسی مخالفین کی بیماریوں کا مذاق اڑاتا تھا، آج خود مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کی تکلیف پر قہقہے لگانے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عمران خان کی ہدایت پر اعلیٰ عدلیہ سے طبی بنیادوں پر ریلیف دینے کی اپیل کی تھی۔ اس پیشرفت کے بعد خواجہ آصف کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔
شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 01:57 PM
آخری تدوین: 17 نومبر، 2026



