اسلام آباد: سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ فاطمہ کی موت تشدد کے باعث ہوئی

اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ فاطمہ اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔ رپورٹ کے مطابق تشدد سے شدید سوزش، خون کے لوتھڑے اور کارڈیو پلمونری اریسٹ موت کی وجہ بنے۔ پولیس نے مبینہ تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا بھی برآمد کرلیا
اسلام آباد: سینئر پولیس افسر کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی 13 سالہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کی موت جسمانی تشدد کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاطمہ پر جسمانی تشدد کے باعث اس کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی۔ شدید چوٹوں اور سوزش کے نتیجے میں خون کے لوتھڑے بن گئے، جس کے بعد بچی کو تھرومبو ایمبولزم (Thromboembolism) کی کیفیت لاحق ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق تھرومبو ایمبولزم کے نتیجے میں کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا، جس کے باعث بچی کے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا۔
دوسری جانب کیس کی تفتیش میں بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے بچی پر مبینہ تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا برآمد کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم علی رضا نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ملزمہ اکثر بچی کو ڈنڈے سے مارتی تھی۔ ملزم کے مطابق فاطمہ کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسر سے اس کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا تھا۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ملزم کے بیان کی روشنی میں کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 01:36 PM
آخری تدوین: 17 نومبر، 2026



