بانی پی ٹی آئی اسپتال سے واپس جیل جائیں گے، بیرون ملک جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہونا چاہیے، بصورت دیگر فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک جانے کی بھی تردید کردی
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، تاہم اگر عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو پھر فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 92 ارکان ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، انہیں کوئی خرید نہیں سکتا اور ان کی کتاب میں پیچھے ہٹنے کا کوئی تصور نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ اپنے نظریے پر قائم ہیں اور کوئی انہیں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ ان کے مطابق اہم ملاقاتوں میں کبھی بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی اور بات نہیں کی، کمرے کے اندر جو مؤقف ہوتا ہے، وہی باہر بھی بیان کرتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے بلکہ عدلیہ کے ذریعے باہر آنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اسپتال سے واپس جیل جائیں گے اور ان کے بیرون ملک جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
مولانا فضل الرحمان سے رابطوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاور شیئرنگ پر کوئی بات نہیں ہوئی، تاہم ان کے ساتھ مثبت بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ان کے مؤقف کے ساتھ آئے گا، اس سے ہاتھ ملائیں گے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سہیل آفریدی نے کہا کہ اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق نئے صوبے بنانے کے لیے 25 ٹریلین روپے درکار ہوں گے، اس لیے وہ اس معاملے پر موجودہ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ انہیں نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی بلاک ہے۔ ان کے مطابق 27 ستمبر کا احتجاج صرف ایک روزہ احتجاج نہیں ہوگا بلکہ اس حوالے سے مکمل پلان تیار کیا گیا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 20 اگست، 2026 کو 03:21 AM
آخری تدوین: 20 اگست، 2026



