وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم

W
Web Desk
18 اگست، 2026
سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت تک شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے، سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کرنے اور مکمل میڈیکل ریکارڈ آئندہ سماعت سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو آئندہ سماعت تک شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور انہیں سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے علاج سے متعلق مقدمات کی سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بینچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے عمران خان کے مکمل میڈیکل ریکارڈ کی عدم فراہمی پر سوال اٹھاتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل تمام طبی ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو جو مواد فراہم کیا گیا ہے وہ صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے گا تو وہ خفیہ نہیں رہے گا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ میڈیکل رپورٹ میں انجیوگرافی کی ضرورت لکھی گئی ہے، کیا جیل میں انجیوگرافی ہوسکتی ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے جواب دیا کہ انجیوگرافی باہر ہسپتال میں ہوسکتی ہے۔

جسٹس شاہد وحید نے میڈیکل رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی نبض اور دل کی کیفیت نارمل نہیں، جبکہ رپورٹس کے مطابق ان کے اہم اعضا متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

اہلخانہ سے ملاقات بنیادی حق قرار

سپریم کورٹ نے عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقاتوں کے معاملے پر بھی سخت ریمارکس دیے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اہلخانہ سے ملاقات کوئی احسان نہیں بلکہ بنیادی حق ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران عمران خان سے ان کی بہنوں کی 48 ملاقاتیں کرائی گئی ہیں۔ عدالت نے گزشتہ تین سال کی تمام ملاقاتوں کا ریکارڈ طلب کرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کی اپنے بچوں سے بات کرانے کا ریکارڈ بھی مانگ لیا۔

عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملاقاتوں سے متعلق احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجوہات بھی طلب کیں۔

شفا ہسپتال منتقلی اور میڈیکل بورڈ

پی ٹی آئی کے وکیل عزیر بھنڈاری نے استدعا کی کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں مکمل طبی معائنہ کرایا جائے اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے ڈاکٹر عاصم یوسف کی اہلیت سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ معدے کے ڈاکٹر ہیں جبکہ دستیاب رپورٹ میں عمران خان کو معدے کی بیماری کا ذکر نہیں۔

عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ نجی ہسپتال منتقل کرنے کے اخراجات کون ادا کرے گا۔

ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک پر یقین دہانی

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک نہ کرنے کی یقین دہانی کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ پی ٹی آئی اور خاندان کو بیانِ حلفی دینا ہوگا کہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی۔ عدالت نے اس معاملے میں فریقین کی یقین دہانی کو اہم قرار دیا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کو ایک بات طے کرنی چاہیے کہ بانی کی طبی حالت پر سیاست نہیں ہوگی اور ان کے علاج کو سیاسی معاملہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

عمران خان کے مقدمات کی تفصیلات بھی طلب

سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف مقدمات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے پوچھا کہ بانی پی ٹی آئی کتنے مقدمات میں زیرِ سماعت قیدی ہیں، کتنے مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور کتنے کیسز میں سزا معطل ہوچکی ہے۔

عدالت نے اڈیالہ جیل حکام سے گزشتہ تین سال کے دوران عمران خان سے ہونے والی ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی طلب کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجوہات جاننے کی ہدایت کی۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کو سخت سکیورٹی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور آئندہ سماعت سے قبل مکمل طبی و قانونی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت دی

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 18 اگست، 2026 کو 09:28 AM

آخری تدوین: 18 اگست، 2026

متعلقہ مضامین

حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا آج اہم دور، حتمی فیصلوں کا امکان
پاکستان

حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا آج اہم دور، حتمی فیصلوں کا امکان

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج دوپہر ڈھائی بجے ہوگا۔ گزشتہ مذاکرات میں اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد آج حتمی فیصلوں کا امکان ہے۔ حکومت کا لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ جبکہ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر بضد ہے۔ آرٹیکل 232 اور 234 کے ممکنہ استعمال سے متعلق بھی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

Web Desk3 اکتوبر، 2026
پُرتشدد انتشار، 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کیساتھ بلاامتیاز نمٹا جائیگا: کور کمانڈرز کانفرنس
تازہ ترین

پُرتشدد انتشار، 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کیساتھ بلاامتیاز نمٹا جائیگا: کور کمانڈرز کانفرنس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی

Web Desk2 اکتوبر، 2026
جماعت اسلامی کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان، گورنر راج کی مخالفت
تازہ ترین

جماعت اسلامی کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان، گورنر راج کی مخالفت

جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی، حافظ نعیم الرحمٰن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی مخالفت کردی

Web Desk2 اکتوبر، 2026