امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے، ہم بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت دوطرفہ عمل ہے، امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ انہوں نے قطر میں منجمد 6 ارب ڈالر کے ایرانی اثاثے جلد جاری ہونے کا بھی دعویٰ کیا
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت ایک دوطرفہ عمل ہے اور اگر امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کرے گا تو ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ غیر معقول شیخی بگھارنے اور بے بنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کا مؤقف واضح اور مستقل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی میں عقل و دانش، سفارت کاری اور انسانی وقار کو بنیادی اصول بنایا جانا چاہیے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ملک کے دفاع کے لیے فیصلہ کن اور نڈر اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
مسعود پزشکیان نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر جلد جاری کر دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کی منجمد رقوم میں سے نصف رقم ایران منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ یہ پیش رفت جاری سفارتی رابطوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سامنے آ رہی ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور مختلف معاملات پر پیش رفت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی وعدوں کی پاسداری اور مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 30 جون، 2026 کو 04:44 AM
آخری تدوین: 30 جون، 2026



