پشاور میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

پشاور کے علاقے متنی میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر سامان برآمد، فرار ملزمان کی تلاش جاری
پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی پشاور میں موجود ہیں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے سمیت سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
دہشت گردوں کی فائرنگ، فورسز کی جوابی کارروائی
ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔
اس دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 3 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی۔
ترجمان کے مطابق دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
بھاری اسلحہ اور دستی بم برآمد
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے درج ذیل سامان برآمد کیا گیا:
2 کلاشنکوف
1 پستول
3 ہینڈ گرنیڈ
5 میگزین
قومی شناختی کارڈز
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، سی ٹی ڈی نے کارروائی کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
شائع ہوا: 22 نومبر، 2026 کو 06:46 AM
آخری تدوین: 22 نومبر، 2026



