ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی قبضہ حاصل کرلیا، فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے۔ کابینہ نے جے آئی ٹی رپورٹ منظور کرلی، سرمایہ کاروں کو رقم واپس کی جائے گی اور عمارت کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کوشش ہوگی۔ اسلام آباد میں ای 12، سی 14 اور سی 15 سمیت سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے کارروائیاں بھی جاری رہیں گی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی طور پر قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں اس عمارت کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کابینہ نے منظور کرلی ہے، جس میں معاملے کی تمام تفصیلات درج ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق وہ کافی عرصے سے جے آئی ٹی رپورٹ کے منتظر تھے اور اب اس کی منظوری کے بعد قانونی کارروائی کرتے ہوئے عمارت کا قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا متعلقہ ممبر آج سے عمارت کے معاملات کی نگرانی کرے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی مالیت کا تعین ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے کرایا جائے گا، جبکہ منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو ان کی جمع کردہ رقم واپس کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے سے اسلام آباد میں بڑے ہوٹلوں کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی اور شہر میں ہوٹلنگ کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضوں کے حوالے سے کہا کہ بڑے پیمانے پر سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں، حتیٰ کہ بعض مقامات پر لوگوں نے گھروں کے لان تک پر قبضہ کررکھا ہے۔
محسن نقوی کے مطابق سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور ای 12، سی 14 اور سی 15 میں بھی جلد آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور قبضوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے دباؤ آتا ہے، لیکن قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس معاملے میں وزیراعظم کی مکمل حمایت کا بھی ذکر کیا۔ مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ اس بارے میں سی ڈی اے سے دریافت کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔
شائع ہوا: 4 نومبر، 2026 کو 02:54 PM
آخری تدوین: 4 نومبر، 2026



