بھارت میں ڈی جے کی تیز آواز نے 20 روزہ نومولود کی جان لے لی، پولیس نے ٹرک ضبط کرلیا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں مذہبی جلوس کے دوران ڈی جے کی انتہائی بلند آواز پر 20 روزہ نومولود بچی کی طبیعت بگڑ گئی اور اسپتال میں موت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹرک ضبط کرلیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے
نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ڈی جے سسٹم پر انتہائی بلند آواز میں موسیقی بجانے کے دوران 20 روزہ نومولود بچی کی موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ڈی جے سسٹم سے لیس ٹرک قبضے میں لے لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع بلیا کے گاؤں مودیار ی میں پیش آیا، جہاں مذہبی جلوس کے دوران ڈی جے سسٹم سے لیس ایک ٹرک نومولود بچی کے گھر کے سامنے آکر رک گیا۔
اہل خانہ کے مطابق ٹرک پر انتہائی بلند آواز میں موسیقی بجائی جارہی تھی۔ انہوں نے جلوس کے منتظمین سے متعدد مرتبہ گاڑی آگے لے جانے اور موسیقی کی آواز کم کرنے کی درخواست کی، تاہم ان کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی۔
تیز موسیقی کے دوران بچی کی طبیعت بگڑ گئی
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 20 روزہ نومولود بچی اپنی والدہ کے ساتھ گھر میں سو رہی تھی کہ اسی دوران بلند آواز میں موسیقی بجنے کے دوران اچانک اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور دل کی دھڑکن بند ہوگئی۔
بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹرک ضبط کرلیا
واقعے کے بعد اہل خانہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور ڈی جے سسٹم سے لیس ٹرک کو قبضے میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق نومولود بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے نتائج سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا، جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شائع ہوا: 15 نومبر، 2026 کو 06:45 AM
آخری تدوین: 15 نومبر، 2026



