مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ کے خلاف ہر فورم پر جانے کا اعلان

اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے معاملے پر خاموش نہ رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ثاقب چدھڑ کے خلاف ہر فورم سے رجوع کریں گی اور اپنے ثبوت سامنے لائیں گی
لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال نے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گی اور ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی و دیگر تمام دستیاب فورمز سے رجوع کریں گی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ صرف اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی تمام لڑکیوں کی ترجمانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بہنوں اور بیٹیوں کی عزت سے کھیلا جائے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ این سی سی آئی اے نے مبینہ ملی بھگت سے تفتیش کا رخ تبدیل کیا، تاہم انہیں تفتیش کی تبدیلی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ثاقب چدھڑ کے خلاف موجود تمام ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لائیں گی اور اس معاملے میں ہر متعلقہ فورم سے رجوع کریں گی۔
مومنہ اقبال کے مطابق انہیں صلح کی پیشکشیں بھی کی گئیں، تاہم انہوں نے صلح کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ متعدد افراد نے انہیں یہ کہہ کر خاموش رہنے کا مشورہ دیا کہ ان کی شادی ہوچکی ہے، تاہم وہ اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی پر آواز بلند کرنے کا فیصلہ کرچکی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گی۔
شائع ہوا: 3 ستمبر، 2026 کو 02:54 PM
آخری تدوین: 3 ستمبر، 2026



