یوٹیوب پروفائل محفوظ رکھنے کے لیے نیا فیچر متعارف


یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نیا اکاؤنٹ لاک فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے محفوظ بنایا جا سکے گا
کیلیفورنیا: یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے نیا اکاؤنٹ لاک فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے محفوظ بنا سکے گا۔
یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق یہ فیچر اب عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کی مدد سے گھر میں موجود دیگر افراد صارف کے لاک شدہ پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے، نہ اس کی سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات میں تبدیلی کر سکیں گے۔
پروفائل لاک کیسے کیا جائے گا؟
صارف ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کھول کر بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں Settings کے ذریعے اکاؤنٹ لاک فیچر فعال کر سکتا ہے۔ تاہم یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے الگ ہوگا۔
یعنی اگر ایک گھر میں دو مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کیا جا رہا ہے تو صارف کو ہر ڈیوائس پر الگ سے پروفائل لاک سیٹ کرنا ہوگا۔
موبائل فون سے بھی پروفائل ان لاک ہوگا
نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کو ہر بار ریموٹ کے ذریعے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد صارف اپنے موبائل فون میں موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی پروفائل ان لاک کر سکے گا، بشرطیکہ متعلقہ نوٹیفکیشن فیچر فعال ہو۔
اگر صارف اپنا چار ہندسوں کا کوڈ بھول جائے تو ٹی وی اسکرین پر موجود Forgot Password آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد گوگل اکاؤنٹ کی معلومات کے ذریعے پروفائل کو دوبارہ ان لاک کرکے نیا کوڈ بھی ترتیب دیا جا سکے گا۔
یوٹیوب نے اہم وضاحت بھی کردی
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ چار ہندسوں کے اس کوڈ کو حقیقی اکاؤنٹ پاس ورڈ کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ یہ فیچر بنیادی طور پر مشترکہ ٹی وی یا دیگر مشترکہ ڈیوائسز پر صارف کے یوٹیوب پروفائل اور اس کی پرائیویسی کو محفوظ رکھنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی سبسکرپشنز، ویڈیو سفارشات اور دیگر پروفائل معلومات کو گھر میں موجود دوسرے افراد سے زیادہ بہتر انداز میں محفوظ رکھ سکیں گے۔

شائع ہوا: 13 ستمبر، 2026 کو 04:35 AM
آخری تدوین: 13 ستمبر، 2026



