وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، علاقائی کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری پر زور

W
Web Desk
25 ستمبر، 2026
وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، علاقائی کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری پر زور

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی نیویارک میں ملاقات، پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت سمیت اہم امور پر گفتگوکی

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دیرپا امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری طویل تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کو دیرپا امن کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ سرکاری بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان ایران تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ دونوں فریقوں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کا صحافیوں سے گفتگو میں مؤقف

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور ایرانی صدر کے ساتھ ان کی ملاقات اچھی رہی۔ وزیراعظم کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور اسلام آباد معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کی آمادگی ظاہر کی۔

وزیراعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی مقام میں بہتری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت معیشت اور سفارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم کا مؤقف

وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو مکہ میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے مطابق تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے اور کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں کے خلاف حملہ تصور کرنے کے اصول پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستانی حکومت پہلے بھی اس معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ اس کا مقصد کسی ریاست کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ اجتماعی دفاع اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی، سفارتی رابطوں کے فروغ اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے اپنی سفارتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 25 ستمبر، 2026 کو 04:07 AM

آخری تدوین: 25 ستمبر، 2026

متعلقہ مضامین

ریڈیو پاکستان حملہ کیس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت 5 افراد پولیس رپورٹ میں نامزد
پاکستان

ریڈیو پاکستان حملہ کیس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت 5 افراد پولیس رپورٹ میں نامزد

ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت میں تحقیقاتی رپورٹ جمع کرادی، جس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم، کامران بنگش اور عامر خان چمکنی کو کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ میں نادرا اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس کا حوالہ دیا گیا ہے۔ تاہم عدالت نے اس سے قبل تفتیشی افسر کی ایک رپورٹ کو غیر حتمی قرار دے کر مسترد کیا تھا اور حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا

Web Desk24 ستمبر، 2026
کے پی پولیس ایکٹ 2026 پر طلال چودھری کے تحفظات، ’’یہ قانون سازی آئین کی خلاف ورزی ہے‘‘
پاکستان

کے پی پولیس ایکٹ 2026 پر طلال چودھری کے تحفظات، ’’یہ قانون سازی آئین کی خلاف ورزی ہے‘‘

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے خیبرپختونخوا کے مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے اپنی فوج یا پولیس نہیں بنا سکتے اور مجوزہ قانون پولیس کے کمانڈ اسٹرکچر کو متاثر کرے گا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کابینہ نے 23 ستمبر کو ترمیم شدہ پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دے دی ہے، جس میں آئی جی پولیس کی تعیناتی، سینئر افسران کے تبادلوں اور پولیس کے انتظامی و پالیسی معاملات میں صوبائی حکومت کے کردار میں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں

Web Desk24 ستمبر، 2026
مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب، 32 ووٹ حاصل کیے
پاکستان

مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب، 32 ووٹ حاصل کیے

ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔ ڈاکٹر نجیب نقی اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں

Web Desk24 ستمبر، 2026