شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کر دیے، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کر دیے۔ کارروائی کے دوران دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 نومبر 2026 کو میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں آپریشن کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کر رکھا تھا، جہاں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران پہلے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ عبادت گاہوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کے منافی ہے۔ علاقے میں مزید مشتبہ ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شائع ہوا: 9 نومبر، 2026 کو 08:02 AM
آخری تدوین: 9 نومبر، 2026



