پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ، خیبر پختونخوا پولیس کو اہم ہدایات جاری


پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ کسی ریلی، جلوس یا مارچ کو سہولت فراہم نہ کی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی سرکاری افسران کو مارچ میں معاونت اور سرکاری وسائل کے استعمال سے روک چکے ہیں
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد خیبر پختونخوا پولیس اور انتظامیہ کو اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی پولیس افسر اسلام آباد کی جانب جانے والے مارچ، ریلی یا جلوس کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کرے گا۔
جاری ہدایت نامے کے مطابق اگر کسی افسر کو مارچ یا جلوس کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے تو اس بارے میں فوری طور پر آئی جی پولیس کو آگاہ کیا جائے۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی سرکاری افسران اور ملازمین کو پی ٹی آئی کے مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی قسم کی مدد یا سہولت فراہم کرنے سے روک چکے ہیں۔ انہوں نے سرکاری وسائل اور فنڈز کے استعمال سے بھی منع کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ حکم کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد کی جانب جانے والی شاہراہیں بند کرنے کا حق حاصل نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور خیبر پختونخوا میں انتظامی و سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شائع ہوا: 19 ستمبر، 2026 کو 02:07 PM
آخری تدوین: 19 ستمبر، 2026



