نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں بیلٹ سکینرز خراب، ووٹوں کی گنتی متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی

امریکی مڈٹرم انتخابات کے دوران نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں بیلٹ سکینرز میں خرابی سامنے آگئی، ووٹنگ مشینیں کاغذی بیلٹ قبول نہیں کر رہیں۔ کاؤنٹی حکام نے یقین دلایا ہے کہ تمام بیلٹ محفوظ رکھے جائیں گے اور ووٹوں کی گنتی ضرور ہوگی
امریکی ریاست نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں مڈٹرم انتخابات کے دوران بیلٹ سکینرز میں خرابی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث کاؤنٹی بھر کے پولنگ مراکز پر ووٹنگ مشینیں کاغذی بیلٹ پیپرز قبول نہیں کر رہیں۔
ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی حکومت کے مطابق بیلٹ سکینرز میں تکنیکی خرابی کا مسئلہ سامنے آیا ہے، تاہم حکام نے ووٹروں کو یقین دلایا ہے کہ اس کے باوجود ان کے ووٹ ضائع نہیں ہوں گے اور تمام ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔
کاؤنٹی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ہر ووٹر کا ووٹ اہم ہے، بیلٹ پیپر محفوظ رکھا جائے گا اور ووٹ کو لازمی شمار کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کاؤنٹی کا بورڈ آف الیکشنز مسئلے کے حل کے لیے نیویارک ریاستی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انتظامیہ نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ مراکز پر موجود انتخابی عملے کی ہدایات کے مطابق اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے رہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود انتخابی عمل جاری رکھنے اور ووٹوں کی گنتی یقینی بنانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
شائع ہوا: 3 نومبر، 2026 کو 04:06 PM
آخری تدوین: 3 نومبر، 2026



