مہر گڑھ عجائب گھر کی بحالی کا منصوبہ مکمل، دوبارہ افتتاح رواں ماہ ہوگا
زاہد فاروق ملک7 نومبر، 2026
بلوچستان کے مہر گڑھ عجائب گھر کی بحالی کا امریکی منصوبہ مکمل ہوگیا۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا کہنا ہے کہ امریکی مہارت اور پاک امریکا تعاون سے 8 ہزار سال قدیم مہر گڑھ تہذیب کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ عجائب گھر کا دوبارہ افتتاح رواں ماہ کوئٹہ میں ہوگا
بلوچستان کے تاریخی مہر گڑھ عجائب گھر کی بحالی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکی مہارت اور پاک امریکا اشتراک سے 8 ہزار سال قدیم مہر گڑھ تہذیب کے عظیم ورثے کو محفوظ بنانے میں حقیقی پیش رفت ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں نیٹلی بیکر، بلوچستان کے پارلیمانی سیکرٹری نواب زادہ میر محمد زرین خان مگسی اور سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈونچر سوسائٹی کی قیادت نے شرکت کی۔

امریکن ایمبیسیڈرز فنڈ فار کلچرل پریزرویشن کے تحت بلوچستان میں یہ پہلا منصوبہ ہے، جس میں قدیم آثار کی حفاظت، عجائب گھر کی جدید خطوط پر تزئین و آرائش، نمائش کے معیار میں بہتری اور مقامی ماہرین کی تربیت شامل ہے۔
نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف تاریخی ورثے کو محفوظ بنائے گا بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد امریکی ثقافتی تحفظ پروگرام کا دائرہ پاکستان کے چاروں صوبوں تک پھیل گیا ہے۔

تقریب کے دوران مہر گڑھ عجائب گھر کی باضابطہ دوبارہ کشادگی سے قبل یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔ عجائب گھر کا دوبارہ افتتاح رواں ماہ کوئٹہ میں متوقع ہے۔

زاہد فاروق ملک پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار اور میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں اور اس وقت وائسز آف امریکا کے بیورو چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شائع ہوا: 7 نومبر، 2026 کو 04:38 PM
آخری تدوین: 7 نومبر، 2026



