پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری معاہدہ

پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا۔ محسن نقوی اور سوڈانی وزیر داخلہ نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ سکیورٹی، پولیس ٹریننگ، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ پاسپورٹ رکھنے والوں کو ایک دوسرے کے ملک جانے کے لیے ویزا حاصل نہیں کرنا پڑے گا۔
معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اسے دوطرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطح کے روابط کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری وفود کے تبادلے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ملاقات میں سکیورٹی، پولیس ٹریننگ، نادرا، سائبر کرائم اور داخلی امور میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ سائبر کرائم کے شعبے میں جلد باضابطہ معاہدہ کرنے کا فیصلہ ہوا۔
محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی اور سوڈانی پولیس افسران کو تربیت اور شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خصوصاً سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستانی تجربات سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
شائع ہوا: 7 نومبر، 2026 کو 04:49 PM
آخری تدوین: 7 نومبر، 2026



