سندھ میں نئے صوبے کی ضرورت نہیں، مزید صوبوں کا مطالبہ پنجاب کی عوام کا ہے: سعید غنی


سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے کی ضرورت نہیں اور مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ پنجاب کی عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نئے صوبے کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب میں دو صوبوں کے حق میں قراردادیں منظور کی جا چکی ہیں
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے کی کوئی ضرورت نہیں، جبکہ مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ پنجاب کی عوام کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کسی فرد یا ادارے کا نہیں بلکہ متعلقہ صوبے کے عوام کا حق ہے۔ ان کے مطابق سندھ کے عوام اپنی تقسیم یا نئے صوبے کے قیام کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں نئے صوبے کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کی جا چکی ہیں، جو اس بات کا واضح اظہار ہیں کہ سندھ کے عوام اپنی منتخب نمائندوں کے ذریعے اس مطالبے کو مسترد کر چکے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر کسی صوبے میں نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کا مطالبہ موجود ہے تو وہ پنجاب ہے، جہاں عوامی نمائندوں نے سینیٹ آف پاکستان اور پنجاب اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے ایسی قراردادیں منظور کیں جن میں پنجاب کو ایک کے بجائے دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی حمایت کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی نئے صوبے کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے اور آئینی طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔

شائع ہوا: 1 اگست، 2026 کو 09:42 AM
آخری تدوین: 1 اگست، 2026



