پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کرسکتے ہیں
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا گیا تھا۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8 سے 17 اگست تک جاری ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم اگر حکومت نے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے معاملات کے حل کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جو آئندہ ہفتے ختم ہونے جا رہا ہے۔

شائع ہوا: 12 ستمبر، 2026 کو 05:05 AM
آخری تدوین: 12 ستمبر، 2026



