اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمنا ہے، امریکا ایران مذاکرات کی میزبانی پاکستان کا اعزاز: مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے ایرانی سفیر سے ملاقات میں اسلامی بلاک کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا، امریکا ایران مذاکرات کی میزبانی کو پاکستان کا اعزاز قرار دیا۔
(اسلام آباد) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران مذاکرات کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے جبکہ جنگ بندی اور مستقل امن کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری دیرینہ تمنا ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں امریکا ایران کشیدگی، جنگ کے مضمرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے جنگ کے دوران پاکستان کے مؤقف پر ایرانی قوم کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور علما کا مضبوط اور متوازن مؤقف قابل تحسین ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کی میزبانی پاکستان کا اعزاز ہے اور خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے اسلامی ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بلاک کا قیام جمعیت علمائے اسلام کے منشور کا بھی حصہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے اور مسلم اُمّہ کو باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کے قبضے سے آزاد کرانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے مسلم دنیا کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 16 اپریل، 2026 کو 05:35 AM
آخری تدوین: 16 اپریل، 2026



