ایران کے ساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی، امریکی بحری ناکہ بندی سے مطمئن ہوں: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے اور فی الحال مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں۔ وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا آپشن بھی برقرار رکھنے کا اعلان کیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہوچکی ہے اور فی الحال مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، تاہم امریکا نے ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا آپشن برقرار رکھا ہوا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ جنگ جلد ختم ہوجائے گی، تاہم امریکا کسی بھی وقت فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق آئندہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکا خطے میں موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن تہران کے ساتھ ایک نئے معاہدے کا بھی منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں اور امریکا کی بھی یہی ترجیح ہے۔ ایرانی قیادت جانتی ہے کہ اسے امریکی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی اور جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا کوئی آپشن قابل قبول نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران یہ تسلیم نہیں کرتا کہ وہ جوہری ہتھیار نہ بنانے کی شرط مان چکا ہے، تاہم ان کے بقول ایرانی قیادت اس شرط کو سو فیصد تسلیم کرتی ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے خلاف جاری امریکی بحری ناکہ بندی پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اقدام سے مطمئن ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ نے یوکرین جنگ کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیشرفت کا امکان ہے۔
شائع ہوا: 10 نومبر، 2026 کو 03:45 AM
آخری تدوین: 10 نومبر، 2026



