امریکی ایوان نمائندگان پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول، وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے لیے مشکلات بڑھنے کا امکان

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی سے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے لیے مشکلات بڑھنے کا امکان ہے۔ ایران جنگ، کانگریس کو اعتماد میں نہ لینے اور جنگی اخراجات پر مواخذے کی کوششیں تیز ہو سکتی ہیں
واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے ہاتھ میں آنے سے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے لیے سیاسی مشکلات میں اضافے کا امکان ہے۔ ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ان کے خلاف مواخذے کی کوششوں میں تیزی آنے اور مزید ریپبلکن ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، جبکہ ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو بھی تقویت ملنے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے ارکان ایران جنگ شروع کرنے کے فیصلے، جنگ کے طریقہ کار، کانگریس کو اعتماد میں نہ لینے اور اس پر آنے والے بھاری اخراجات کے حوالے سے پیٹ ہیگسیتھ سے وضاحت طلب کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ستمبر 2026 میں ڈیموکریٹس کی جانب سے نہیں بلکہ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی۔ اس پیش رفت نے حکومتی صفوں میں بھی اختلافات کو نمایاں کیا تھا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ مواخذے کی قرارداد پر ووٹنگ سے بچنے کے لیے ریپبلکن قیادت نے ستمبر میں ایوان نمائندگان کا اجلاس مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کا کنٹرول حاصل ہونا پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف سیاسی دباؤ میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ ایران جنگ سے متعلق حکومتی فیصلوں اور اخراجات پر کانگریس میں مزید سخت سوالات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔
شائع ہوا: 5 نومبر، 2026 کو 04:09 AM
آخری تدوین: 5 نومبر، 2026



