محسن نقوی سے رابطہ رہتا ہے، تفصیلات نہیں بتائیں گے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے محسن نقوی سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابطے کی تفصیلات نہیں بتائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا فیصلہ عمران خان کریں گے اور سیاسی حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات ضروری ہیں
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے رابطہ رہتا ہے اور انہوں نے کبھی اس سے انکار نہیں کیا، تاہم رابطے کی تفصیلات بتانا مناسب نہیں سمجھتے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی ہے۔ کس سے، کب اور کن شرائط پر بات کرنی ہے، اس کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کوئی بھی قدم بانی کی مرضی کے بغیر نہیں اٹھاتی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی اور اس مقصد کے لیے کمیٹیاں بھی بنائیں، لیکن حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا اور ان کی آواز کو کمزوری سمجھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کے ساتھ نہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی کسی بیک چینل سے رابطہ ہے، تاہم قانونی معاملات اپنی جگہ ہیں اور سیاسی حل کے لیے جلد مذاکرات ہونے چاہئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر بات چیت کرنی ہے تو سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کی جائے، ’’سوچ کر بتائیں گے‘‘ والی پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کے خط سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے خط لکھا تھا اور بالآخر وہ خط انہیں موصول ہوگیا ہے۔
شائع ہوا: 11 ستمبر، 2026 کو 12:31 PM
آخری تدوین: 11 ستمبر، 2026



