کے پی میں دہشتگردی پر کنٹرول کے بعد نظام صوبائی حکومت کے حوالے کردیا جائیگا، طارق فضل چوہدری
زاہد فاروق ملک17 اکتوبر، 2026
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 12 متاثرہ اضلاع کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا ہدف ہے۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد صوبے کا نظام صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔ گورنر کی تبدیلی کی خبروں کی تردید اور اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش بھی کردی
اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر قابو پانے اور امن قائم ہونے کے بعد صوبے کا نظم و نسق صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے آئینی تقاضے پورے ہو چکے ہیں اور صوبے میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی۔
وائس آف امریکا کو خصوصی انٹرویو اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ، امن کا قیام اور صوبے کی ترقی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں، جن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اب تیسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صوبے کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بھی روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ ان کے بقول گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی صوبائی انتظامی معاملات کا کنٹرول سنبھال چکے ہیں، تاہم دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد نظام صوبائی حکومت کو واپس سونپ دیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے گورنر کو تجربہ کار سیاست دان اور سینئر پارلیمنٹرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا تھا۔
اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خود اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ حکومت بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور اگر اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہا جائے گا۔

زاہد فاروق ملک پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار اور میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں اور اس وقت وائسز آف امریکا کے بیورو چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شائع ہوا: 17 اکتوبر، 2026 کو 05:41 AM
آخری تدوین: 17 اکتوبر، 2026



