وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی سان فرانسسکو میں پاکستانی امریکی کمیونٹی سے ملاقات، پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے پر زور

W
Web Desk
17 اکتوبر، 2026
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی سان فرانسسکو میں پاکستانی امریکی کمیونٹی سے ملاقات، پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے پر زور

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے گریٹر سان فرانسسکو بے ایریا میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری، تجارت، سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا

سان فرانسسکو: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے گریٹر سان فرانسسکو بے ایریا میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ اور اہم تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے موجودہ رجحان کو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے بے شمار امکانات ہیں۔

انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ تجربات، کاروباری روابط اور بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرے اور وطن سے اپنی دیرینہ وابستگی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری اور پائیدار کاروباری تعلقات میں تبدیل کرے۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور امریکی کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے سفارتخانہ پاکستان ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نجی شعبے اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون سے دونوں ممالک کے لیے معاشی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔

رضوان سعید شیخ نے نوجوان نسل کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے خوشحال مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر پاکستان کی ترقی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتیں، تجربات اور سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 17 اکتوبر، 2026 کو 04:55 AM

آخری تدوین: 17 اکتوبر، 2026

متعلقہ مضامین