نیتن یاہو سے سخت اور غصے بھرے انداز میں بات کی، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتراف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے پر متفق ہے۔ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے سخت لہجے میں گفتگو کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ لبنان پر حملوں کے باعث وہ پریشان تھے
(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے سخت اور غصے بھرے انداز میں گفتگو کی تھی، جبکہ ایران کے حوالے سے اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے پر متفق ہو گیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ جاری سفارتی کوششوں کے نتائج انتہائی مثبت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کے مطابق انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جاری مذاکرات میں ایرانی سپریم لیڈر کی رضامندی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کسی وقت ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی فضائیہ، بحریہ اور دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث اس وقت زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے سے عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام آئے گا اور پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے ان سے سخت اور غصے بھرے انداز میں بات کی تھی۔ ان کے مطابق لبنان پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے وہ شدید پریشان تھے اور اسی تناظر میں انہوں نے نیتن یاہو کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جاری مذاکرات اور سفارتی رابطوں کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 3 جون، 2026 کو 11:53 AM
آخری تدوین: 3 جون، 2026



