ایران افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر نہیں جانے دے گا، محسن رضائی

امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو اس کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، ایران کا دوٹوک اعلان، لبنان سمیت مغربی ایشیا کے تمام محاذوں پر جنگ کا مکمل خاتمہ جنگ بندی کی بنیادی شرط قرار
تہران: ایران نے اپنے افزودہ یورینیم کو ملک سے باہر منتقل کرنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جوہری مواد کا ایک ذرہ بھی ایران سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے لبنانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے افزودہ یورینیم کو ملک کے اندر ہی رکھے گا اور اسے ملکی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ تہران نے اپنے روسی دوستوں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ ایران کسی صورت اپنا افزودہ جوہری مواد بیرون ملک منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن نے ایران پر کسی بھی قسم کا نیا حملہ کیا تو ایرانی فورسز امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گی۔
ایرانی عہدیدار نے سائبر جنگ کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ایران اس شعبے میں مہارت کی اعلیٰ سطح تک پہنچ چکا ہے اور امریکی ڈرون طیاروں کو اپنے کنٹرول میں لے کر بحفاظت زمین پر اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی شرائط پر گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ مغربی ایشیا کے تمام محاذوں پر جنگ کا مکمل خاتمہ ایران کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔
ان کا خصوصی طور پر کہنا تھا کہ لبنان میں جاری جنگ کا خاتمہ بھی اس حوالے سے انتہائی اہم ہے اور ایران خطے کے مختلف محاذوں پر مکمل جنگ بندی کا خواہاں ہے۔
شائع ہوا: 11 نومبر، 2026 کو 01:47 PM
آخری تدوین: 11 نومبر، 2026



