عمران خان کی دو بہنیں نورین نیازی، عظمیٰ خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دو بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان تقریباً 50 روز کی نظربندی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوگئیں۔ جیل حکام کے مطابق علیمہ خان تاحال قید ہیں اور ان کی رہائی کے احکامات موصول نہیں ہوئے
لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تیسری بہن علیمہ خان تاحال جیل میں قید ہیں۔
جیل حکام کے مطابق نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد دونوں کو رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد انہیں نورین نیازی کی بیٹی ہاجرہ نیازی کے حوالے کر دیا گیا۔
دونوں بہنوں کو 3 ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند کیا گیا تھا۔ ان کی رہائی 12 نومبر 2026 کو تقریباً 50 روز کی نظربندی کے بعد عمل میں آئی۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کی رہائی کے احکامات تاحال موصول نہیں ہوئے، جس کے باعث وہ بدستور جیل میں ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ اور احتجاج کے تناظر میں عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 3 ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
تینوں بہنوں کی رہائی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے مختلف سطحوں پر کوششیں بھی کی جا رہی تھیں۔ اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ میں حراست اور نظربندی میں توسیع کے خلاف درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جن پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے پنجاب محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔
شائع ہوا: 12 نومبر، 2026 کو 12:11 PM
آخری تدوین: 12 نومبر، 2026



