عمران خان سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی طویل ملاقات، بشریٰ بی بی بھی موجود

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی طویل ملاقات، بشریٰ بی بی بھی موجود رہیں۔ وکلا نے عمران خان کی صحت، بلڈ پریشر، آنکھ کے مسئلے، زیرِ سماعت مقدمات اور بشریٰ بی بی کے قانونی معاملات پر مشاورت کی۔ لطیف کھوسہ نے 28ویں آئینی ترمیم پر گفتگو کی بھی تصدیق کردی
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں عمران خان کی صحت، زیرِ سماعت مقدمات اور بشریٰ بی بی کے قانونی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر دونوں وکلا کی عمران خان سے ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے مختلف مقدمات اور متفرق درخواستوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، جبکہ بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد دونوں وکلا اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملاقات تین سے چار گھنٹے جاری رہی، جس میں عمران خان کی صحت اور مقدمات پر بات چیت ہوئی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر اور آنکھ کا مسئلہ زیرِ بحث آیا، تاہم ان کا ارادہ مضبوط تھا اور وہ مستعد دکھائی دیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کی تفصیلات اگلے روز تحریری طور پر سامنے لائیں گے، جس کے بعد تمام معاملات واضح ہوجائیں گے۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر سردار لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ اس موضوع پر بھی عمران خان سے بات ہوئی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
شائع ہوا: 11 نومبر، 2026 کو 04:05 PM
آخری تدوین: 11 نومبر، 2026



