اقوام متحدہ میں پاکستان کا سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی حمایت کا اعلان


اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ریاض کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کا اعلان کیا
نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور یمن کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ باب المندب میں حملوں کے باعث عالمی تجارت اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے دوران یمنی مندوب نے عالمی برادری سے حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ یمنی نمائندے کے مطابق حوثیوں کی جارحانہ کارروائیاں علاقائی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں یمن کی صورتحال، بحیرہ احمر اور باب المندب میں سلامتی کے مسائل سمیت خطے میں جاری کشیدگی کے عالمی تجارت اور علاقائی استحکام پر ممکنہ اثرات پر گفتگو کی گئی۔

شائع ہوا: 16 ستمبر، 2026 کو 04:30 AM
آخری تدوین: 16 ستمبر، 2026



