فولڈ ایبل کے بعد اب رولیبل فون؟ سام سنگ کی نئی ڈیوائس نے ٹیک دنیا میں دلچسپی بڑھا دی

سام سنگ کے 2027 کے ممکنہ فولڈ ایبل فلیگ شپ فونز سے متعلق نئی لیکس سامنے آئی ہیں، جن میں پہلی رولیبل ڈسپلے ڈیوائس کی آمد کی قیاس آرائیاں بھی شامل ہیں۔ تاہم کمپنی نے تاحال ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی
سیول: سام سنگ کے آئندہ فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے متعلق نئی لیکس نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کمپنی 2027 کے دوران پانچ مختلف فولڈ ایبل فلیگ شپ ڈیوائسز پر کام کر رہی ہے، تاہم ان معلومات کی تاحال سام سنگ کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی ڈیوائسز کے کوڈ نیمز Q9B، Q9A، H9 اور Z9 سامنے آئے ہیں، جنہیں سام سنگ کی آئندہ نسل کی فولڈ ایبل ڈیوائسز سے جوڑا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق B9 ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلپ 9 جبکہ H9 کو گلیکسی زیڈ فولڈ 9 کا کوڈ نیم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ ماڈلز کے کوڈ نیم بالترتیب B8 اور H8 تھے۔
لیک میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ Q9A اور Q9B ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فولڈ 9 الٹرا اور ٹرائی فولڈ 2 کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے بھی کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔
سب سے زیادہ توجہ Z9 کوڈ نیم والی ڈیوائس نے حاصل کی ہے۔ ٹیک ماہرین کا خیال ہے کہ یہ روایتی فولڈ ایبل فون کے بجائے ایک نئی رولیبل (Rollable) ڈسپلے ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس ہو سکتی ہے، جس میں اسکرین کو فولڈ کرنے کے بجائے ضرورت کے مطابق رول کر کے بڑا یا چھوٹا کیا جا سکے گا۔
اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو سام سنگ پہلی بار اپنی کمرشل رولیبل ڈسپلے ٹیکنالوجی متعارف کرا سکتا ہے، جو اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ کے امتزاج پر مبنی ایک نئی قسم کی ڈیوائس ثابت ہو سکتی ہے۔
تاہم سام سنگ نے ان لیکس اور افواہوں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔ اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کو حتمی خبر کے بجائے غیر مصدقہ رپورٹس اور ممکنہ مستقبل کے منصوبوں کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جب تک کمپنی خود ان کی تصدیق نہ کرے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 3 اگست، 2026 کو 07:29 AM
آخری تدوین: 3 اگست، 2026



