پاکستان سے اسمگل کی گئی 36 نوادرات امریکا سے واپس، حکومت پاکستان کے حوالے

پاکستان سے چوری کرکے امریکا اسمگل کی گئی 36 قدیم نوادرات حکومت پاکستان کو واپس کردی گئیں۔ نوادرات میں یکشی کا مجسمہ اور 35 قدیم ٹیراکوٹا فیگرز شامل ہیں
نیویارک: پاکستان سے چوری کرکے امریکا اسمگل کی گئی 36 قدیم نوادرات حکومت پاکستان کو واپس کردی گئی ہیں، جنہیں جلد پاکستان لایا جائے گا۔

اس حوالے سے نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نوادرات کی واپسی سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے۔

واپس کی جانے والی نوادرات میں یکشی (Yakshi) کی Grey Schist Figure بھی شامل ہے، جس کا تعلق چوتھی صدی عیسوی سے بتایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 35 Terracotta Fertility Figures بھی پاکستان کو واپس کی گئی ہیں، جو تقریباً 2700 سے 3000 قبل مسیح کے دور سے تعلق رکھتی ہیں۔
پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نوادرات کی واپسی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوری شدہ نوادرات کی قانونی واپسی آئندہ نسلوں کو پاکستان کی قدیم تہذیب اور ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے نوادرات کو ملک واپس لانے کے بعد انہیں محفوظ رکھنے اور عوام کو ملک کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
شائع ہوا: 16 ستمبر، 2026 کو 04:42 AM
آخری تدوین: 16 ستمبر، 2026



