صدر ٹرمپ کے دورہ چین کا اعلان، 31 مارچ سے 2 اپریل تک بیجنگ کا دورہ کریں گے

صدر ٹرمپ 31 مارچ سے 2 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کا قیام صرف بیجنگ تک محدود رکھا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ دورہ چین کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ 31 مارچ سے 2 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کا قیام صرف بیجنگ تک محدود رکھا جائے گا۔
امریکی میڈیا، بالخصوص نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین سمیت عالمی مبصرین کے لیے اب تک یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ اس دورے کے دوران کن مقاصد کے تحت چین جا رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “کسی کو بھی پوری طرح معلوم نہیں کہ صدر ٹرمپ کس ارادے سے چین کا سفر کر رہے ہیں۔”
نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس دورے کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اب تک امریکی کاروباری شخصیات یا بڑے سرمایہ کاروں کو دورے میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا، حالانکہ چین دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں میں شمار ہوتا ہے اور ایسے مواقع پر عموماً تجارتی وفود بھی ہمراہ ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات چین میں نئے مواقع کی تلاش میں ہیں، اس لیے دورہ چین کے لیے انہیں اب تک دعوت نہ دینا کئی حلقوں کے لیے حیران کن ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ جب مناسب سمجھا جائے گا تو امریکی کاروباری شخصیات کو دعوت نامے بھجوا دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور چین کے صدر کی آخری ملاقات گزشتہ سال اکتوبر میں جنوبی کوریا میں ہوئی تھی۔ مبصرین کے مطابق آنے والا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات اور ممکنہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے۔
شائع ہوا: 11 مارچ، 2026 کو 08:58 PM
آخری تدوین: 23 مئی، 2026



